نیویارک میں ذیابیطس کے لیے نئی دوا کی دریافت

نیویارک یونیورسٹی میں ذیابیطس کے سنگین اثرات کو کم کرنے والی نئی دوا دریافت کی گئی ہے جو مستقبل میں مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نیویارک میں شوگر کے لیے نئی دوا کی دریافت [Draft]

نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیویارک یونیورسٹی لینگون ہیلتھ کے سائنس دانوں نے شوگر کے سنگین اثرات کو کم کرنے والی ایک نئی دوا دریافت کی ہے، جو مستقبل میں لاکھوں مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، چوہوں پر کی جانے والی تجرباتی تحقیق میں یہ دوا، جس کا نام ریج فور زیڈ زیرو چھے آر (RAGE406R) رکھا گیا ہے، سوزش کو کم کرنے، خلیاتی نقصان کو محدود کرنے اور دل و گردوں کی بہتر بحالی میں مؤثر ثابت ہوئی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ دوا زخموں کے بھرنے کے عمل کو تیز کرتی ہے، جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا دیگر ذیابیطس کی ادویات سے مختلف طریقے سے کام کرتی ہے۔ یہ خون میں شکر کی سطح کم کرنے کے بجائے خلیات کے اندر نقصان کو روکنے پر مرکوز ہے۔

دوا دو نقصان دہ پروٹینز، ریج اور ڈی آئی اے پی ایچ ون، کے باہمی تعامل کو روک کر کام کرتی ہے، جس سے ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس کے مضر اثرات کم ہوتے ہیں۔ ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس وہ اجزاء ہیں جو شکر کے پروٹین یا چکنائی کے ساتھ جڑنے سے بنتے ہیں اور شوگر میں یہ عمل بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق، چوہوں کی جلد پر دوا لگانے سے زخم تیزی سے بھرے، جس سے یہ واضح ہوا کہ دوا ذیابیطس کے مریضوں میں دیر سے بھرنے والے زخموں کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ تحقیق سیل کیمیکل بایولوجی کے جریدے پر شائع ہوئی ہے اور ابتدائی مراحل میں ہونے کے باوجود ذیابیطس کے علاج میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں