پشاور میں شادی تقریب میں فائرنگ پر دولہا طاہر شاہ گرفتار، پولیس کی سخت کارروائی جاری۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور کے علاقے تھانہ متھرا میں ہفتے کی شب شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دولہے طاہر شاہ کو پھولوں کے ہار سمیت گرفتار کر لیا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے اور خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنتی ہے، اس لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں پشاور پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس کے تحت رواں ماہ 11 دولہوں کو گرفتار کر کے حوالات کی سیر کروائی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، شادی کی تقریب میں فائرنگ کا قانونی ذمہ دار دولہا ہوتا ہے، چاہے فائرنگ کوئی بھی کرے۔ پشاور پولیس نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ شادی میں ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فائرنگ کرنے والے کے بجائے دولہا کو ہی گرفتار کیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خوشی کے مواقع کو سوگ میں تبدیل نہ کریں اور قانون کا احترام کریں۔ پولیس نے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

![پشاور: شادی میں فائرنگ پر دولہا گرفتار [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/13871_2025-12-21_19-24-35.webp)













