پاکستان نے غزہ کے لیے بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت کی پیشکش کی ہے، تاہم فوجی تعیناتی پر حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔پاکستان نے ابھی تک اس فورس میں فوجی شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ طاہر اندرابی، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ کے لیے مجوزہ بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت کی پیشکش کی ہے، مگر ابھی تک فوجی تعیناتی کی کوئی حتمی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
گزشتہ منگل کو پاکستان نے قطر میں منعقدہ ایک کانفرنس میں شرکت کی جس کا اہتمام امریکی سینٹرل کمانڈ نے کیا تھا تاکہ فورس کے کمانڈ ڈھانچے اور دیگر مسائل پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ اس کانفرنس میں تقریباً 45 ممالک شریک ہوئے تھے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ امن فورس میں ممکنہ شمولیت کے لئے پاکستان کی پیشکش پر بہت شکر گزار ہے، تاہم مزید وضاحت کی ضرورت ہے کہ وہ فوجی تعیناتی کے لیے باضابطہ طور پرحامی بھر سکے۔
روبیو نے مزید کہا کہ فورس کے دائرہ کار، کمانڈ، اور مالیاتی انتظامات جیسے اہم مسائل ابھی زیر بحث ہیں، اور اگلا قدم امن بورڈ اور فلسطینی تکنیکی گروپ کا اعلان کرنا ہے جو روزمرہ معمولات میں حکومت کو مدد فراہم کرے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان، طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ابھی تک اس فورس میں فوجی شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ غزہ کی پٹی اسرائیلی حملوں کے بعد ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی منصوبے کی توثیق کی ہے جس میں اس فورس کی تعیناتی شامل ہے۔

![پاکستان کا غزہ استحکام فورس میں شمولیت پر غور [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/13332_2025-12-19_19-45-53.webp)












