کراچی میں انٹرنیشنل کنزیومر پروڈکٹ فیئر 2025 کامیابی سے اختتام پذیر، 123 ملین ڈالر کے معاہدے طے پائے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ساتواں انٹرنیشنل کنزیومر پروڈکٹ فیئر 2025 کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ نمائش میں 52,000 سے زائد کاروباری و عوامی وزیٹرز نے شرکت کی، جن میں امپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز، ہول سیلرز، ریٹیلرز اور کارپوریٹ خریدار شامل تھے۔
چار روزہ نمائش میں 123 ملین ڈالر سے زائد کے کاروباری معاہدے طے پائے۔ نمائش نے پاکستان کی کنزیومر ٹریڈ انڈسٹری کے لیے اہم سنگِ میل ثابت کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر اعتماد کی عکاسی کی۔
انڈونیشین پویلین میں 11 ممتاز کمپنیوں کی شرکت نے پاکستان اور انڈونیشیا کے تجارتی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جبکہ چائینیز پویلین میں بی ٹو بی ملاقاتوں کے ذریعے دو طرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
600 سے زائد کمپنیوں نے بزنس لیڈز اور اعلیٰ معیار کی بی ٹو بی نیٹ ورکنگ کو ایونٹ کی کامیابیاں قرار دیا۔ مسٹر محمد عزیر نظام، منیجنگ ڈائریکٹر ای کامرس گیٹ وے پاکستان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی عالمی کنزیومر مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن کا ثبوت ہے۔
شرکاء نے ایس آئی ایف سی کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث پاکستان میں بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا اعتراف کیا، اور نمائش نے عالمی معیار کی تجارتی نمائشوں کی میزبانی میں پاکستان کی صلاحیت کو ثابت کر دیا۔















