سڈنی فائرنگ کے بعد ایشیز کے تیسرے ٹیسٹ میں ایڈیلیڈ اوول پر سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہوگا۔ حکام نے ایڈیلیڈ اوول کے باہر اضافی سکیورٹی کی تصدیق کی ہے۔
ساؤتھ آسٹریلیا پولیس کمشنر گرانٹ اسٹیونز نے کہا ہے کہ سکیورٹی رسپانس سیکشن کو تعینات کیا جا رہا ہے، جس میں تربیت یافتہ پولیس افسران شامل ہیں، جن کے پاس اضافی اسلحہ ہوگا۔
پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ یہ رسپانس سیکشن چند برس قبل قائم کیا گیا تھا جو عوامی مقامات پر فرائض انجام دیتا ہے اور اسٹیڈیم کے ارد گرد تعینات ہوکر فینز کی حفاظت کرے گا۔
واضح رہے کہ سڈنی کے ساحل پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔















