قاضی محمد انور نے پی ٹی آئی اور انصاف لائرز فورم سے استعفیٰ دیتے ہوئے بار کونسل انتخابات میں منظم شکست کا الزام عائد کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق سینیٹر اور سینئر قانون دان قاضی محمد انور نے پاکستان تحریک انصاف اور انصاف لائرز فورم کے تمام عہدوں اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بار کونسلز کے حالیہ انتخابات میں انہیں منظم حکمت عملی کے تحت شکست دی گئی۔
قاضی محمد انور نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سینئر رہنما حامد خان نے دو ایسے امیدواروں کو کامیاب کروایا جن کا انصاف لائرز فورم کے تنظیمی ڈھانچے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی بھی ان امیدواروں کی حمایت رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف گالم گلوچ اور کردار کشی کی مہم چلائی گئی۔ ان کے مطابق انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی اور فورم کی کابینہ یا صوبائی تنظیم سے مشاورت نہیں کی گئی۔
قاضی محمد انور نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو بھیجے گئے استعفے میں پارٹی قیادت پر اندرونی جمہوریت کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے ہیں۔















