گوگل نے گوگل ٹرانسلیٹ کے لیے اپ ڈیٹ جاری کی، عام ہیڈفونز کے ذریعے حقیقی وقت میں زبان کا ترجمہ ممکن ہو گیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گوگل نے گوگل ٹرانسلیٹ کے لیے ایک نئی بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے اب عام ہیڈفونز کے ذریعے حقیقی وقت میں زبان کا ترجمہ ممکن ہو گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر 12 دسمبر کو بیٹا مرحلے میں جاری کیا گیا اور اس کے لیے صرف ایک اینڈرائیڈ فون اور گوگل ٹرانسلیٹ ایپ کی ضرورت ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 70 سے زائد زبانوں میں بات چیت، لیکچرز، اور میڈیا مواد کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت جیمنائی کے ذریعے ترجمے کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔
یہ فیچر پہلے پکسل بڈز پر دستیاب تھا، لیکن نئے بیٹا ورژن کے تحت اب کسی بھی ہیڈفون کو ترجمے کے آلے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جو روزمرہ رابطے میں زبان کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ہوگا۔
گوگل کے نائب صدر روز یاو نے کہا کہ چاہے آپ کسی دوسری زبان میں گفتگو کرنے کی کوشش کر رہے ہوں یا بیرون ملک لیکچر سننا چاہتے ہوں، اب ہیڈفون لگائیں، ٹرانسلیٹ ایپ کھولیں، اور ‘لائیو ٹرانسلیٹ’ پر ٹیپ کریں۔
یہ فیچر اس وقت امریکا، میکسیکو اور بھارت میں دستیاب ہے اور 2026 میں آئی او ایس اور دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی۔















