اقوام متحدہ نے اسرائیل، امریکا، جرمنی، برطانیہ اور اٹلی کو غزہ کی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے، اور ان ممالک سے تعمیر نو میں مالی معاونت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیو یارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی خصوصی نمائندہ برائے فلسطین، فرانسسکا البانیز نے اسرائیل، امریکا، جرمنی، برطانیہ اور اٹلی کو غزہ کی حالیہ تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں استعمال ہونے والا اسلحہ ان ممالک نے فراہم کیا تھا۔
فرانسسکا البانیز نے زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا، جرمنی، برطانیہ اور اٹلی کو بھی مالی معاونت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق غزہ کی تباہی کی ذمہ داری نہ صرف اسرائیل بلکہ اس کے اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک پر بھی عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں شہری آبادی، رہائشی علاقوں، اسپتالوں، اسکولوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے لیے ان ممالک کو مالی وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ فرانسسکا البانیز کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں اور جنگ بندی کی کوششوں کو کمزور کرتے ہیں، انہیں اب غزہ کی بحالی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔
فرانسسکا البانیز کو ان کے دوٹوک موقف کی وجہ سے کئی پابندیوں کا سامنا ہے، جن میں امریکا کے سفر پر پابندی شامل ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں ان کے اصولی موقف کو کمزور نہیں کر سکتیں اور وہ غزہ کے معاملے پر اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔












