کوئٹہ کی 172 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر کو ہوں گے، الیکشن کی تیاریاں جاری۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کوئٹہ کی 172 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر کو ہوں گے۔ صوبائی دارالحکومت میں انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ کوئٹہ کے 172 یونین کونسلز کے 641 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 2,870 امیدواروں کے کاغذات درست پائے گئے ہیں۔ تاہم، 329 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، جس کے بعد 2,541 امیدوار میدان میں ہیں۔
641 وارڈز میں سے 108 وارڈز پر صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ 18 وارڈز میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ زرغون، لتن، سریاب اور تکتو کے یونین کونسلز میں بھی انتخابات ہوں گے۔
زرغون کے 46 یونین کونسلز اور 161 وارڈز، لتن کے 46 یونین کونسلز اور 173 وارڈز، سریاب کے 38 یونین کونسلز اور 145 وارڈز جبکہ تکتو کے 42 یونین کونسلز اور 142 وارڈز میں انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔















