امریکا نے امیگریشن قوانین کے تحت 85 ہزار ویزے منسوخ کیے، بھارتی اپائنٹمنٹ 2026 تک ملتوی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا نے سخت قوانین کے تحت جنوری سے اب تک 85 ہزار ویزے منسوخ کر دیے ہیں، جہاں بھارتی درخواست دہندگان کی اپائنٹمنٹ بھی 2026 تک ملتوی کر دی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امیگریشن قوانین کی سختی کے باعث 85 ہزار ویزے منسوخ کیے گئے ہیں، اس کی بنیادی وجہ حملہ اور چوری کے واقعات ہیں جنہیں امریکی شہریوں کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ میں بتایا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کے دور میں یہ سلسلہ جاری رہے گا، ان کا مقصد امریکا کو دوبارہ محفوظ بنانا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 8000 سے زائد طلبہ کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہیں۔
بھارت میں امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی درخواست دہندگان کی اپائنٹمنٹ کی تاریخیں 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہیں، جس کے تحت انہیں نئی تاریخ پر قونصل خانے جانا ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ زیادہ تر منسوخ کیے گئے ویزے خراب ڈرائیونگ، مارپیٹ اور چوری کے واقعات کی وجہ سے ہیں۔












