ڈارک چاکلیٹ حیاتیاتی عمر کو سست کر سکتی ہے، تحقیق
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے کی عادت حیاتیاتی عمر کو سست کر سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق ڈارک چاکلیٹ میں موجود مرکب Theobromine حیاتیاتی عمر کی رفتار کم کرتا ہے۔
اس تحقیق میں برطانیہ اور جرمنی کے 1669 افراد کے خون کے نمونوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج میں یہ دیکھا گیا کہ جن افراد کے خون میں اس مرکب کی سطح زیادہ تھی، ان کی حیاتیاتی عمر ان کی اصل عمر کے مقابلے میں کم تھی۔
محققین نے کروموسومز کے ٹیلومیئرز کی لمبائی سے عمر کا تعین کیا۔ ٹیلومیئرز ڈی این اے کو نقصان سے بچاتے ہیں اور ان کی لمبائی کم ہونے سے بڑھاپے کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔
ڈارک چاکلیٹ دل کی صحت بہتر بنانے کے فوائد بھی رکھتی ہے۔ تاہم، محققین نے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔















