آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز، پاکستانی کپتان کی تصویر پوسٹر سے غائب ہونے پر شدید تنقید۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے، تاہم پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کی تصویر پوسٹر سے غائب ہونے پر آئی سی سی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
آئی سی سی نے بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر پوسٹر میں شامل کی ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان کی تصویر شامل نہ ہونے پر پاکستانی شائقین برہم ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ برس فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں گے۔ افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا، جس کے ٹکٹ کی قیمت 1500 سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے۔ بھارت میں ہونے والے میچز کی ٹکٹ کی قیمت 100 بھارتی روپے سے شروع ہوگی۔















