ایک نئی نفسیاتی رپورٹ میں سوشل میڈیا پر خاموش رہنے والے افراد کی پانچ نمایاں خصوصیات کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک نئی نفسیاتی رپورٹ کے مطابق، سوشل میڈیا پر خاموش رہنے والے افراد منفرد اور پیچیدہ شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ صارفین روزانہ اسکرول کرتے ہیں لیکن پوسٹ یا تبصرہ نہیں کرتے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان افراد کی پروفائلز خالی یا غیر فعال نظر آتی ہیں، مگر ان کی ذہنی سرگرمیاں کافی متحرک ہوتی ہیں۔ ان کی پہلی خصوصیت مشاہداتی فطرت ہے، وہ دوسروں کے رویے اور رجحانات کو باریک بینی سے دیکھتے ہیں۔
دوسری خصوصیت سوشل اوورلوڈ سے بچاؤ ہے، یعنی وہ غیر ضروری مباحثوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔ تیسری خاصیت خود پر قابو ہے، یہ لوگ صرف اہم مواقع پر بات کرتے ہیں۔
چوتھی خصوصیت نجی زندگی سے محبت ہے، وہ اپنی ذاتی معلومات عام نہیں کرتے۔ پانچویں خصوصیت معروضی سوچ ہے، جس کے تحت وہ جلدی ردعمل دینے کے بجائے چیزوں کو سمجھ کر رائے بناتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاموش رہنا اکثر مضبوط اور حساس ذہنیت کی علامت ہوتا ہے، اور یہ افراد دیکھنے، سمجھنے اور سیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔















