مولانا ارشد مدنی نے وندے ماترم کو مسلمانوں کے عقائد کے خلاف قرار دے دیا۔ شرعی طور پر ناقابل قبول قرار
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جمعیت علمائے ہند (الف) کے صدر مولانا ارشد مدنی نے وندے ماترم کے نعرے کو مسلمانوں کے بنیادی مذہبی عقائد کے خلاف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان صرف ایک اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور وندے ماترم کے الفاظ شرعی طور پر ناقابل قبول ہیں۔
مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اس نظم کے چار اشعار شرکیہ عقائد پر مبنی ہیں، جن میں وطن کو درگا ماتا سے تشبیہ دی گئی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نظم کا مطلب ہے ماں! میں تیری پوجا کرتا ہوں، جو مسلمانوں کے عقیدے توحید کے خلاف ہے۔
مولانا مدنی نے بھارتی آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت کسی بھی شہری کو اس کے مذہبی عقیدے کے خلاف کسی نعرے کو اپنانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وطن سے محبت اور عبادت کے درمیان فرق واضح کیا۔
جمعیت علمائے ہند کا یہ مؤقف بھارت میں مذہبی آزادی اور قومی علامتوں کے استعمال پر جاری بحث میں نیا پہلو اجاگر کرتا ہے۔












