یورپ میں کینسر جین والے ڈونر کے سپرم سے 200 بچوں کی پیدائش ہوئی، ٹی پی 53 جین کی تبدیلی کے باعث بچوں کو کینسر کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپ بھر میں تقریباً 200 بچوں کی پیدائش ایسے سپرم ڈونر کے ذریعے ہوئی ہے جس میں کینسر سے منسلک خطرناک جینیاتی مادہ موجود تھا۔ ٹی پی 53 نامی جین میں تبدیلی کے باعث اس ڈونر کے تقریباً 20 فیصد سپرم میں نقص پایا گیا، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں کو لی-فراومینی سنڈروم لاحق ہو سکتا ہے۔
یہ سنڈروم بچوں میں کینسر کے خطرے کو 90 فیصد تک بڑھا دیتا ہے، جس میں چھاتی، دماغی اور ہڈیوں کے کینسر شامل ہیں۔ برطانیہ کی کچھ خواتین نے ڈنمارک میں اسی ڈونر کے سپرم کا استعمال کیا تھا۔
ڈنمارک کے یورپین سپرم بینک نے اس غیر معمولی تعداد میں ڈونر کے سپرم استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کر کے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین کا اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں کم از کم 197 بچوں کی پیدائش اسی ڈونر کے سپرم سے ہوئی ہو سکتی ہے۔ برطانوی فرٹیلٹی ریگولیٹر کے مطابق سپرم برطانیہ کے کلینکس کو فراہم نہیں کیا گیا تھا، لہذا معاملہ ڈنمارک کے حکام کی ذمہ داری ہے۔















