خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر غور، اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صرف باتیں ہوتی تھیں، لیکن اب معاملہ آگے بڑھ چکا ہے اور اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
اسی دوران سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کسی میں ہمت نہیں ہے۔
ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ گورنر راج کی باتیں اب عملی شکل اختیار کر رہی ہیں، اور جہاں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو، وہاں آئین گورنر راج کی اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو کھونا نہیں چاہتے اور پی ٹی آئی نے گورنر راج کے لیے درکار تمام نکات پورے کر دیئے ہیں۔















