کسی پارٹی پر پابندی کی حمایت نہیں کرتا۔ بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، خیبر پختونخوا میں گورنر راج ان کا مطالبہ نہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج ان کا یا ان کی جماعت کا مطالبہ نہیں ہے اور تحریک انصاف کو وہاں اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ اگر کسی جماعت نے دہشت گردوں کی سہولت فراہم کی تو ایسے اقدام پر غور ضروری بن جائے گا۔

بلاول بھٹو نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان ایک خطرناک دور سے گزر رہا ہے، افغانستان سے خطرے کے خدشات سچ ثابت ہو رہے ہیں لیکن ہماری بہادر فوج اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وہ ملک اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم بعض سیاسی قوتوں کے غیر مناسب رویے سے حالات سنگین ہو رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو دائرے میں رکھیں، ایک جماعت عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا ان کا مطالبہ نہیں ہے، لیکن اگر کوئی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو گورنر راج ناگزیر ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑیں۔ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ کسی وزیرِاعظم یا وزیرِاعلیٰ پر ‘سلیکٹڈ’ یا ‘فارم 47’ جیسے اعتراضات نہ اٹھیں۔

دیگر متعلقہ خبریں