بھارت میں جعلی ڈگری نیٹ ورک بے نقاب، 10 لاکھ افراد متاثر

کیرالا میں جعلی ڈگری نیٹ ورک پکڑا گیا، 10 لاکھ افراد متاثر، 11 گرفتار۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کیرالا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی ریاست کیرالا میں پولیس نے جعلی یونیورسٹی ڈگریاں تیار کرنے کا ملک گیر نیٹ ورک پکڑ لیا۔ اس کارروائی کے دوران 11 افراد گرفتار ہوئے، جنہوں نے مبینہ طور پر 10 لاکھ سے زائد افراد کو جعلی سرٹیفکیٹس فراہم کیے۔

پولیس کے مطابق دھنیش عرف ڈینی اس نیٹ ورک کا سرغنہ ہے، جسے 2013 میں بھی جعلی سرٹیفکیٹس کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سزا کے بعد اس نے دوبارہ نیٹ ورک قائم کیا، جس میں مختلف ریاستوں کے ایجنٹس شامل تھے۔

پولّچی میں خفیہ پرنٹنگ پریس قائم کی گئی، جہاں معروف یونیورسٹیوں کے سرٹیفکیٹس چھاپ کر امیدواروں کی تفصیلات شامل کی جاتیں۔ تیار شدہ سرٹیفکیٹس بنگلور بھیجے جاتے، جہاں سے کیرالا، تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، گوا، دہلی اور مغربی بنگال میں ایجنٹس کے ذریعے تقسیم ہوتے۔

پولیس نے جعلی دستخط، ہولوگرام مہر اور یونیورسٹی کے اسٹیمپ کے ساتھ سیکڑوں پرنٹرز، کمپیوٹرز اور جعلی مہریں برآمد کیں۔ تقریباً ایک لاکھ جعلی سرٹیفکیٹس بھی ضبط کیے گئے۔

دھنیش نے ملپّرم میں لگژری گھر، 2 فائیو اسٹار بارز، پونے میں اپارٹمنٹس اور مشرقِ وسطیٰ میں کاروبار میں سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ اسے کالی کٹ ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جب وہ اہلخانہ کے ساتھ بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہر سرٹیفکیٹ 75 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت ہوتا تھا، جس سے دھنیش نے کروڑوں روپے کمائے۔

دیگر متعلقہ خبریں