بابر اعظم کے لیے سڈنی سکسرز نے بگ بیش لیگ میں منفرد جرسی نمبر ‘056’ متعارف کروا دیا۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلوی فرنچائز سڈنی سکسرز نے بگ بیش لیگ کے 15 ویں ایڈیشن کے لیے پاکستانی اسٹار بابر اعظم کے لیے منفرد جرسی نمبر ‘056’ متعارف کروا دیا۔ بابر اعظم عموماً نمبر 56 استعمال کرتے ہیں، تاہم سڈنی سکسرز نے تخلیقی انداز اپناتے ہوئے اس بار ‘056’ نمبر دیا ہے۔
سڈنی سکسرز کے مطابق بابر اعظم کے لیے 056 نمبر کا انتخاب آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے روایتی 56 نمبر کے ساتھ فرق برقرار رکھنے کا ایک منفرد طریقہ ہے۔ یہ اعلان بابر اعظم کی سڈنی آمد کے ساتھ کیا گیا، جہاں ان کا استقبال ایک مختصر ویڈیو کے ذریعے کیا گیا۔
بگ بیش لیگ کا 15 واں ایڈیشن 14 دسمبر 2025 سے شروع ہوگا اور 25 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔ اس سال لیگ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی شمولیت متوقع ہے جس سے ناظرین میں بھی اضافہ ہوگا۔
پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرے گی، جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، حارث رؤف، شاداب خان اور حسن علی شامل ہیں۔ لیگ کے فائنلز کا روایتی فارمیٹ برقرار رہے گا، جس کا گرینڈ فائنل 25 جنوری کو کھیلا جائے گا۔















