فرانسیسی ادارے اے ایف ڈی کی واپڈا کے چیئرمین سے ملاقات، باہمی اُمور پر تبادلہ خیال

فرانسیسی ادارے اے ایف ڈی کے وفد نے چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں پن بجلی منصوبوں کے مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی کے وفد نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ایشیا سیرل بلیئر کی سربراہی میں وفد نے واپڈا کے زیرِ تعمیر پن بجلی منصوبوں کے مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چودھری بھی موجود تھے۔

اے ایف ڈی واپڈا کے پانچ زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کے لئے 351.5 ملین یورو قرض فراہم کر رہا ہے، جن میں منگلا، وارسک، درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کے بحالی منصوبے شامل ہیں۔ ہارپو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی تعمیر میں بھی اے ایف ڈی کی معاونت شامل ہے اور درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کے لئے 2 لاکھ یورو کی گرانٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

چیئرمین واپڈا نے ملاقات کے دوران کہا کہ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرنے میں اے ایف ڈی کی معاونت پر ہم شکر گزار ہیں اور توقع ہے کہ یہ باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔ ڈائریکٹر ایشیا اے ایف ڈی نے کہا کہ پاکستان کے نیشنل گرڈ میں کم لاگت اور صاف توانائی کے اضافے میں واپڈا کا کردار قابل تعریف ہے اور منصوبوں کی تعمیر میں مالی معاونت جاری رکھیں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں