امریکا میں داخل ہونے والے سیاحوں کو پانچ سال کی سوشل میڈیا ہسٹری دینا ہوگی، نئے قواعد کے تحت یہ لازمی ہوگا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی حکام نے سیاحوں کے لیے نئے داخلہ قواعد جاری کیے ہیں، جن کے مطابق امریکا میں داخل ہونے والے تمام غیر ملکی سیاحوں کو گزشتہ پانچ سال کی سوشل میڈیا ہسٹری فراہم کرنا ہوگی۔
امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے فیڈرل رجسٹر میں شائع کردہ نوٹس میں یہ شرط عائد کی ہے کہ سیاحوں کو اپنے سوشل میڈیا پروفائلز کے علاوہ ای میل ایڈریس، فون نمبر اور اہلخانہ کی معلومات بھی دینا ہوں گی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملکی سیکیورٹی کو مضبوط کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہیں۔ جون میں بھی مسافروں کو سوشل میڈیا پروفائلز پبلک کرنے کا حکم دیا گیا تھا، تاہم نئے نوٹس میں مزید سختی لائی گئی ہے۔
اس اقدام سے امریکا میں داخلے کے عمل میں سختی آئے گی اور مسافروں کو اضافی معلومات فراہم کرنا لازم ہوگا تاکہ سرحدی حکام خطرات کا بہتر اندازہ لگا سکیں۔












