متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ 2025 میں دنیا کی سب سے طاقتور سفری دستاویز قرار دیا گیا، جس کے حامل افراد 179 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ 2025 میں دنیا کی سب سے طاقتور سفری دستاویز قرار دیا گیا ہے۔ آرٹن کیپیٹل کی فہرست کے مطابق یو اے ای کا پاسپورٹ مسلسل ساتویں سال سرفہرست رہا، جس کے حامل افراد 179 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
آرٹن کیپیٹل کے بیان میں کہا گیا کہ دیگر اہم پاسپورٹس کی طاقت میں کمی کے باوجود یو اے ای نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔ یو اے ای کی مستحکم اور سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ ساکھ نے اس کے پاسپورٹ کو مزید مضبوط کیا ہے۔
فہرست میں سنگاپور کا پاسپورٹ دوسرا طاقتور ترین قرار پایا، جو اسپین کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہے اور ان کے شہری 175 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
تیسرا نمبر سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی اور دیگر یورپی ممالک کے پاسپورٹس کو دیا گیا جن کے حامل افراد 174 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کا پاسپورٹ کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر ہے اور صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 91 ویں نمبر پر موجود ہے، جہاں پاکستانی شہری 45 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔












