کراچی میں ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی سپلائی کے لیے بند مراد کا روٹ استعمال ہو رہا ہے، رینجرز نے بڑی کارروائی کی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی سپلائی کے لیے بلوچستان کے علاقے بند مراد کا روٹ استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بلوچستان کے علاقے بند مراد میں قائم غیر قانونی نوزل ڈپو سے ایرانی ڈیزل ٹرالروں، ٹرکوں اور ڈمپروں کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ ان گاڑیوں میں خفیہ ٹینکوں کے ذریعے ڈیزل بھر کر سپلائی کی جاتی ہے۔
ڈیزل کو بند مراد سے منگھوپیر چوکی تک پہنچایا جاتا ہے، جہاں سے ناردرن بائی پاس اور گلشنِ معمار تک فروخت کیا جاتا ہے۔ ہمدرد چوکی کے انچارج چنگیز اور آصف نامی شخص اس نیٹ ورک کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔
منگھوپیر روڈ پختون آباد میں ماربل کے گودام میں بھی ایرانی ڈیزل کا ڈپو قائم ہے جہاں مزدا ٹرکوں کے ذریعے ڈیزل سپلائی کیا جاتا ہے۔
چند روز قبل رینجرز نے ایرانی ڈیزل کے خلاف بڑی کارروائی کی تھی جس میں لاکھوں لیٹر ڈیزل اور دیگر سامان ضبط کیا گیا۔ ضلع غربی پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے علم میں غیر قانونی ڈیزل کی سپلائی کا کوئی معاملہ نہیں ہے، جبکہ کسٹمز حکام کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔















