کیا انسانوں میں مردانہ جنس کا مستقبل خطرے میں ہے؟

سائنسدانوں کے درمیان بحث جاری ہے کہ انسانی Y کروموسوم ختم ہوگا یا نہیں، مگر انسانیت کے دیگر چیلنجز زیادہ اہم ہوسکتے ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سائنس کی دنیا میں ایک بار پھر یہ سوال اٹھا ہے کہ آیا ہزاروں سال بعد انسانی نسل میں مرد باقی رہیں گے یا نہیں۔ یہ بحث 2002 میں اس وقت شروع ہوئی جب آسٹریلوی ماہر ارتقا جینی گریوز نے اپنے مقالے میں دعویٰ کیا کہ انسانوں کا ‘Y’ کروموسوم ختم ہو رہا ہے۔

گریوز کے مطابق Y کروموسوم نے گزشتہ 30 کروڑ سالوں میں اپنے 97 فیصد قدیم جینز کھو دیے ہیں اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو یہ چند ملین سالوں بعد مکمل ختم ہوسکتا ہے۔ اس کروموسوم کی غیر موجودگی میں جنس کا تعین کسی دوسرے جینیاتی نظام کے ذریعے ہوسکتا ہے، جیسا کہ کچھ جانوروں میں ہوتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق اگر انسانوں میں کوئی نیا جینیاتی طریقہ پیدا ہوگیا تو وہ Y کروموسوم کی جگہ لے سکتا ہے، لیکن اس بارے میں کوئی یقینی بات نہیں کہ ایسا کب ہوگا۔ دوسری طرف، ماہرین کا ایک بڑا گروہ اس بات سے متفق نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ Y کروموسوم مستحکم ہے اور اس کے بنیادی جینز محفوظ ہیں۔

مسیچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ماہر ارتقا جین ہیوز کے مطابق Y کروموسوم نے ابتدائی عرصے میں تیزی سے جینز کھوئے، لیکن یہ عمل رک گیا، کیونکہ جو جین باقی ہیں وہ جسم کے لیے نہایت اہم ہیں۔ جبکہ گریوز کا کہنا ہے کہ یہ جینز بھی کسی وقت کسی دوسرے جینیاتی نظام سے تبدیل ہوسکتے ہیں۔

سائنس دانوں کے درمیان یہ بحث جاری ہے کہ کیا Y کروموسوم ختم ہوگا یا نہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ انسانوں کا مستقبل اس بات سے کہیں پہلے دوسرے بڑے عالمی چیلنجوں سے متاثر ہونے کا امکان رکھتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں