بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا کہ مائنس ون کی صورت میں حالات بے قابو ہو سکتے ہیں اور ملک و قوم کو نقصان ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک مائنس کیا گیا تو کوئی بھی باقی نہیں رہے گا اور حالات قابو میں نہیں آئیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ کاروباری دنیا نہیں کہ دو میں سے ایک مائنس کرو تو ایک بچ جائے گا۔ خان صاحب کی بہنوں پر واٹر کینن کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ "کافی ہو چکا”۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا رہی اور جو ملاقات کے لیے آتا ہے، اس پر واٹر کینن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر یہی حالات رہے تو ملک اور قوم کو نقصان ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ملاقاتوں کی اجازت نہ دینے کا بہانہ خان کی ٹویٹ کو بنایا جا رہا ہے جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی سے ملاقاتیں نہیں کروائی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سسٹم کا حصہ جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں اور تین کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کے یونٹس کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی پر بین لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔














