ایف بی آر نے یوٹیوبرز کی خفیہ آمدنی کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، 50 یوٹیوبرز کو نوٹس جاری، اور ان کے لائف سٹائل سے آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یوٹیوبرز کی خفیہ آمدنی کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایف بی آر نے تقریباً 50 یوٹیوبرز کو نوٹس جاری کیے ہیں جنہوں نے اپنی آمدنی خفیہ رکھی ہوئی تھی۔ ان یوٹیوبرز کی قابل ٹیکس آمدنی ان کے لائف سٹائل سے تخمینہ لگا کر معلوم کی گئی ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ان یوٹیوبرز کی ٹیکس چوری کا جائزہ ان کے قیمتی گھروں، گاڑیوں اور دیگر تعیشاتی خریداریوں کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ ان کے ٹیکس گوشواروں میں آمدنی کم دکھانے کی شکایت پر نوٹس لیا گیا ہے اور ان خریداریوں کو چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ایف بی آر نے ایسے رجسٹرڈ افراد کے خلاف کارروائی کی تیاری کی ہے اور اس کی ذمہ داری چیف کمشنر انفورسمنٹ کو سونپی گئی ہے۔ چیف کمشنر ان یوٹیوبرز کی کمائی اور اخراجات کی رپورٹنگ کی نگرانی کریں گے اور اس کے لیے مستقل نظام ترتیب دیا جائے گا۔















