بھارت میں انڈر 19 کرکٹرز نے کوچ پر حملہ کیا، سر پر 20 ٹانکے لگے۔
پانڈیچیری: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کی ڈومیسٹک ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ سید مشتاق علی ٹرافی میں انڈر 19 کے ہیڈ کوچ ایس وینکٹارمن پر مبینہ طور پر تین مقامی کرکٹرز نے حملہ کیا۔ یہ واقعہ 8 دسمبر کی صبح پیش آیا جب کوچ کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور کندھے میں فریکچر ہوا، جس کے نتیجے میں ان کے سر پر 20 ٹانکے لگے۔
پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے اور ملزم کرکٹرز مفرور ہیں۔ کوچ وینکٹارمن نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ بھارتی دسن پانڈیچیری کرکٹرز فورم کے سیکرٹری جی چندرن نے کرکٹرز کو ان پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا۔
وینکٹارمن نے بیان دیا کہ وہ سی اے پی کمپلیکس کے انڈور نیٹ میں موجود تھے جب پانڈیچیری کے سینئر کرکٹرز کارتیکیان، اروند دراج اور سنتوش کمارن آئے اور انہیں گالیاں دیں، اور کہا کہ وہ ان کو سید علی مشتاق ٹرافی میں منتخب نہ کرنے کی وجہ ہیں۔
فورم کے صدر سینتھل کمارن نے سیکرٹری جی چندرن پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا کہ وینکٹارمن کے خلاف کئی مقدمات کی تاریخ موجود ہے، اور وہ مقامی کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی اور فحش زبان کے لیے جانے جاتے ہیں۔















