بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کی حامی ہے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کرے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کی حامی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف تاجر برادری کے لیے اچھا سوچتے ہیں۔
انہوں نے ایف پی سی سی آئی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور تاجر برادری کا تاریخی ساتھ ہے۔ مگر اکثر تاریخ کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تاجر برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی جبکہ انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کیے۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ یورپ کے ساتھ تجارت بڑھانے کی کوششوں سے پاکستان کی یورپ کو برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر کی اور سندھ نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ ٹیکس نظام میں موجود 30 کھرب روپے کی لیکج ختم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت ڈنڈے کے زور پر نہیں چلتی اور ڈی سینٹرلائزیشن کے ذریعے معاشی نظام کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قومی گرڈ میں سستی بجلی کے منصوبے دیئے جبکہ پارٹی کے منشور میں غریب طبقے کو 200 یونٹ تک مفت بجلی دینا شامل ہے۔














