اسرائیلی کارروائیوں میں 43 فیصد صحافی ہلاک، غزہ میں سب سے زیادہ متاثرین۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) میڈیا کی عالمی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی رپورٹ کے مطابق اس سال دنیا بھر میں قتل ہونے والے صحافیوں میں تقریباً نصف اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فورسز نے 29 فلسطینی صحافیوں کو قتل کیا، جو مجموعی اعداد و شمار کا 43 فیصد بنتا ہے۔ اس سال دنیا بھر میں 67 صحافی مارے گئے، جو گزشتہ سال کے 66 صحافیوں کے مقابلے میں معمولی اضافہ ہے۔
اسرائیل کو صحافیوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ میکسیکو، یوکرین اور سوڈان بھی مہلک ترین خطوں میں شامل ہیں۔
آر ایس ایف کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے غزہ پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک 220 صحافی مارے جا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں صحافیوں کی گرفتاریوں کا بھی ذکر کیا گیا جس میں چین، روس اور میانمر سرفہرست ہیں۔













