بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں کو اپنے دائرے میں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کی عادت کو ترک کرنے پر زور دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کی عادت بنالی ہے اور اس سے ملک میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں اور سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی سیاست سیاسی دائرے میں رہ کر کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اپنے دائرے میں رہیں تو نہ انہیں خود مشکلات پیش آئیں گی اور نہ ہی وہ دوسروں کے لیے مشکلات پیدا کریں گی۔ انہوں نے غیرسیاسی انداز میں فوج کو نشانہ بنانے والوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں بلاول بھٹو زرداری سے پنجاب کے 70 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ اس دوران پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دوست محمد کھوسہ نے اپنے حلقے این اے 185 میں مبینہ دھاندلی سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔















