وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرانسپرنسی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا، حکومتی اصلاحات کی کامیابی کو تسلیم کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرانسپرنسی پاکستان کی کرپشن سے متعلق عوامی تاثر پر مبنی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے مطابق عوام نے حکومت کے دوران کرپشن کا سامنا نہیں کیا، جو کرپشن کے خلاف حکومتی کوششوں کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی اکثریت نے معیشت کی بحالی کے حکومتی اقدامات کو کامیاب قرار دیا، جو انتہائی خوش آئند ہے۔ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ حکومتی اصلاحات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حکومت کے ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا۔ معاشی اشاریے، اصلاحات اور حکومتی پالیسیاں عوامی رائے میں مثبت نظر آئیں، جو ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی معاشی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی مزید بہتری، عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اور کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔














