پنجاب میں شہریوں کو جعلی ای چالان میسجز سے محتاط رہنے کی ہدایت

پنجاب میں جعلی ای چالان ایس ایم ایس کی شکایات پر سیف سٹی نے شہریوں کو محتاط رہنے اور مشکوک میسجز سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں شہریوں کو جعلی ای چالان ایس ایم ایس موصول ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر سیف سٹی نے شہریوں کو جعلسازوں کے جھانسے میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔

سیف سٹی کے ترجمان کے مطابق، ادارہ کبھی بھی ایس ایم ایس کے ذریعے کیش، اکاؤنٹ یا بینک تفصیلات طلب نہیں کرتا۔ ای چالان ایس ایم ایس صرف پنجاب حکومت کے سرکاری نمبر 8070 سے بھیجا جاتا ہے۔

جعلساز شہریوں کو لنک پر کلک کروا کر پیسے لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں، لہٰذا شہری کسی بھی مشکوک ایس ایم ایس یا ویب سائٹ پر ادائیگی ہرگز نہ کریں۔ سیف سٹی کی تمام سروسز مفت ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مشکوک یا جعلی میسج ملنے پر فوری طور پر 15 یا ایف آئی اے سائبر ونگ سے رجوع کریں۔ ای چالان ایس ایم ایس میں ہمیشہ وقت، جگہ اور خلاف ورزی کی تفصیل فراہم کی جاتی ہے۔

سیف سٹی نے واضح کیا کہ سیف سٹی کے نام پر فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں