حکومت کا گیس سیکٹر میں انفراسٹرکچراصلاحات کا اعلان

حکومت نے گیس سیکٹر میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کا اعلان کیا، جس سے مسابقت بڑھے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے گیس سیکٹر میں نجی شعبے کی شمولیت کے بعد گیس یوٹیلیٹیز کو کمرشل بنیادوں پر چلانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ نئے گیس فیلڈز سے نجی شعبے کے لیے گیس کا حصہ 10 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کر دیا گیا ہے جس سے مارکیٹ میں مسابقت کی توقع ہے۔

ملک میں پہلے صرف دو سرکاری کمپنیوں کے ذریعے گیس کی ترسیل و تقسیم ہوتی تھی۔ حکومت نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ گیس کمپنیوں کے لیے فکسڈ ایسٹ ریٹرن فارمولا ختم کر کے نیا ڈھانچہ تیار کیا جائے۔ اوگرا نے اس مقصد کے لیے کے پی ایم جی کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی ہیں جو جلد رپورٹ پیش کریں گے۔

پیٹرولیم ڈویژن بھی عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر کی ری اسٹرکچرنگ پر کام کر رہا ہے۔ سرکاری گیس کمپنیاں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی اپنی پائپ لائن نیٹ ورک کی وجہ سے منافع میں اضافہ کر رہی ہیں، جس کا بوجھ صارفین پر پڑتا ہے۔

نجی شعبہ یو ایف جی کے لیے یکساں بینچ مارک، کمپنیوں کی تنظیم نو، اور ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن کے لیے الگ اکاؤنٹنگ سسٹم کی سفارش کر رہا ہے۔ گیس سیکٹر میں کراس سبسڈی بڑا مسئلہ ہے، جسے 2026 تک گھریلو صارفین کے لیے ختم کر کے براہ راست سبسڈی ماڈل متعارف کرایا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں