مدینہ منورہ اور ینبع میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی؛ شہری دفاع نے احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
مدینہ منورہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
مدینہ منورہ اور اطراف کے علاقوں میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ساحلی شہر ینبع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، جہاں متعدد عمارتوں کی چھتیں گر گئیں اور کئی گاڑیاں ملبے تلے دب کر تباہ ہو گئیں۔
شدید بارشوں کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں نے شہر اور مضافات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے شہری اور صحرائی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ شاپنگ سینٹرز اور گھروں کی چھتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ بارش کے نتیجے میں صحرائی وادیاں سیلابی پانی سے بھر گئیں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔
مسجد نبویؐ کے اطراف میں بھی بارش خوب برسی، جس کے مناظر زائرین نے عقیدت کے ساتھ محفوظ کیے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔













