سندھ میں گنے کی کرشنگ میں تاخیر اور گنے کی قیمت کا تعین نہ ہونے پر آبادگار احتجاج کر رہے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ میں ایک ماہ گزرنے کے باوجود کئی شوگر ملز میں گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہوسکی، جس کے باعث آبادگار احتجاج کر رہے ہیں۔ گنے کی امدادی قیمت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو خدشہ ہے کہ فصل ضائع ہو سکتی ہے۔
آبادگاروں نے بتایا کہ گزشتہ سال چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تھی، اور گنے کا ریٹ 600 روپے فی من دیا جا رہا تھا۔ تاہم اس سال چینی 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر چکی ہے، مگر شوگر ملز 400 روپے فی من پیش کر رہی ہیں۔
کین کمشنر سندھ نے کہا ہے کہ صوبے کی 15 سے زائد شوگر ملز میں کرشنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ مزید یہ کہ گنے کی پرائس کا تعین حکومت کرے گی۔













