کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث 15 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ، اسلحے کی نمائش، موٹر سائیکل ڈبل سواری پر پابندی۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان حکومت نے ضلع کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث 15 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اسلحے کی نمائش و استعمال اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 22 دسمبر تک پابندی لگادی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے دوران خواتین و بچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی، گاڑیوں پر سیاہ شیشے اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی ہوگی، عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کے لیے ماسک یا مفلر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کوئٹہ میں تیزاب اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حمل بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ پولیس، لیویز اور ایف سی کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی جب کہ پابندیاں 22 دسمبر 2025 تک مؤثر رہیں گی۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ان پابندیوں کے نفاذ سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔















