ہرات میں طالبان نے ‘پیکی بلائنڈرز’ جیسا لباس پہننے پر 4 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
ہرات: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افغانستان کے شہر ہرات میں طالبان حکام نے 4 نوجوانوں کو برطانوی ٹی وی سیریز پیکی بلائنڈرز سے متاثرہ لباس پہننے پر گرفتار کرلیا ہے۔ طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ترجمان سیف الاسلام خیبر نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ہرات کے جبرایل ٹاؤن شپ میں کی گئیں اور ان پر غیر ملکی ثقافت کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ان نوجوانوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں وہ لانگ کوٹ، فلیٹ کیپ اور پیکی بلائنڈرز کے کردار شیلبی خاندان کے لباس میں نظر آ رہے تھے۔ ایک یوٹیوب انٹرویو میں نوجوانوں نے بتایا کہ وہ اس فیشن کو شو کی وجہ سے پسند کرتے ہیں اور مقامی لوگوں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔
تاہم، طالبان نے اس لباس کو اسلامی اقدار اور افغان ثقافت کے منافی قرار دیا ہے۔ سیف الاسلام خیبر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں گرفتار نوجوانوں میں سے ایک اپنے لباس پر افسوس کا اظہار کرتا نظر آتا ہے۔ طالبان اس سے قبل بھی لباس کی مبینہ خلاف ورزیوں پر درجنوں افراد کو گرفتار کر چکے ہیں۔













