ایران نے 18 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس بھیجا، انسانی بحران کا خدشہ۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے رواں سال اسلام قلعہ بارڈر کے ذریعے تقریباً 18 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجا ہے۔
صوبہ خراسانِ رضوی کے گورنر کے مطابق یہ تعداد صرف اسلام قلعہ کے راستے واپس جانے والوں کی ہے، جبکہ کچھ مہاجرین کو ملک کی 11 دیگر صوبائی سرحدوں سے بھی واپس بھیجا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ افغان مہاجرین کی یہ تعداد غیر معمولی ہے اور حالیہ برسوں میں اتنی بڑی تعداد میں واپسی پہلے نہیں دیکھی گئی۔ حکام کے مطابق خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال، خصوصاً اسرائیل کی حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد، مہاجرین کی واپسی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔
گرمیوں کے مقابلے میں یومیہ واپسی کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
افغان میڈیا نے خبردار کیا ہے کہ اس بڑے پیمانے کی واپسی سے سرحدی علاقوں میں انسانی بحران، رہائش کی قلت اور بنیادی سہولیات تک محدود رسائی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔












