آئی جی پنجاب نے بڑے شہروں میں فوری کومبنگ آپریشنز کا حکم دیا، سیکیورٹی سخت اور دہشتگردوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت بڑے شہروں میں فوری سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے ساتھ مل کر آپریشنز میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی سخت کرنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے اور سکیورٹی گارڈز کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی روک تھام کے لیے مشکوک سرگرمیوں پر نظر اور انٹیلی جنس شیئرنگ مؤثر بنائی جا رہی ہے۔ صوبے میں آنے والے افراد کی پروفائلنگ اور ڈیٹا چیکنگ کا حکم بھی دیا گیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے مبینہ روابط رکھنے والے 12 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔















