پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب، جرمانے معطل۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور جرمانے بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث دو دن سے مذاکرات جاری تھے، تاہم ٹریفک آرڈیننس 2025 سے پہلے مذاکرات نہیں ہوئے تھے۔
پنجاب میں 120 گھنٹوں میں 3 لاکھ سے زائد ای چالان کیے گئے، جن سے 35 کروڑ روپے کے جرمانے عائد ہوئے۔ حکومت نے ٹریفک آرڈیننس 2025 فی الحال منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ جرمانے بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کے باعث متعدد بس اڈے بند رہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
قبل ازیں، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی کال پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا تھا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے اور اسکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔















