ٹینیسی کے گیٹلِنبرگ میں ریچھ کی ہوٹل کے باہر گشت کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ ریچھ کی موجودگی نے سیاحوں اور عملے کو خوفزدہ کردیا۔
گیٹلِنبرگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر گیٹلِنبرگ میں رات دیر گئے ایک بڑا سیاہ ریچھ ہوٹل کی پارکنگ میں گھومتا ہوا دیکھا گیا، جس سے سیاح اور عملہ خوفزدہ ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ریچھ کو پارکنگ میں گھومتے اور عمارت کی گیلری سے اندر جھانکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین نے وڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے، کچھ نے کہا ریچھ اپنا کمرہ تلاش کر رہا ہے، جبکہ کچھ نے خوف کا اظہار کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، امکان ہے کہ یہ وہی ریچھ ہے جو گیٹلِنبرگ کرسمس پریڈ کے دوران بھی دیکھا گیا تھا۔ چھٹیوں کے موسم میں سیاحوں کی گہماگہمی اور کھلے کھانے کی دستیابی کی وجہ سے ریچھ شہری علاقوں کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔
جنگلی حیات کے ماہرین نے بتایا کہ سردیوں میں خوراک کی کمی کے باعث ریچھ آبادی والے علاقوں میں آ جاتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کچرے کے ڈبے بند رکھیں اور کھانا کھلا نہ چھوڑیں۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔













