چین میں بچے نے ماں کا قیمتی ہار دوستوں میں بانٹ دیا، والدین حیران و پریشان۔
چین: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرقی چین کے صوبہ شان ڈونگ کے علاقے زاؤژوانگ میں ایک 8 سالہ بچے نے اپنی ماں کے قیمتی طلائی ہار کو ٹکڑے کر کے اسکول کے دوستوں میں بانٹ دیا۔ والدین کو بچے کے اس اقدام کا علم ایک ماہ بعد ہوا اور وہ ہار کے ٹکڑے واپس حاصل نہ کرسکے۔
بچے کی ماں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہیں اس واقعے کا علم بیٹی کی زبانی ہوا، جس نے بتایا کہ بیٹے نے کلاس کے دوست کو سونے کا ٹکڑا دیا ہے۔ ماں اور باپ نے گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے چیک کیے تو بچے کو ماں کی الماری سے ہار نکالتے دیکھا۔
یہ ہار شادی کے موقع پر خاتون کو شوہر نے تحفے میں دیا تھا اور اس کی قیمت 7200 یوآن (تقریباً 2 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) تھی۔ بچے نے اعتراف کیا کہ اسے یاد نہیں کہ کتنے دوستوں کو سونے کے ٹکڑے دیے اور باقی سونا کہاں رکھا۔
والدین نے ہار کا صرف ایک چھوٹا ٹکڑا ہی تلاش کرسکے اور بچے کو علم نہیں تھا کہ سونا کتنا مہنگا ہوتا ہے، اس پر والد نے بچے کو سخت سزا دی۔












