پنجاب میں ٹریفک قوانین خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، غیر قانونی نمبر پلیٹس و کالے شیشوں پر بھاری جرمانے عائد۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
پنجاب بھر میں غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 7 لاکھ 94 ہزار سے زائد غیر قانونی نمبر پلیٹس پکڑی گئیں، جن پر 20 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔
کالے شیشوں کے خلاف بھی بڑا کریک ڈاؤن جاری رہا، جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 2 ہزار سے زائد چالان کیے گئے اور 10 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زیادہ جرمانے عائد کیے گئے۔
لاہور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں سرفہرست رہا، جہاں تین لاکھ سے زائد غیر قانونی نمبر پلیٹس اور 64 ہزار سے زائد کالے شیشوں کے چالان کیے گئے۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان بھی نمایاں رہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں شہریوں کی سکیورٹی اور قانون کی بالادستی کے لیے کی جارہی ہیں، جبکہ مہم کو مزید سخت کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔














