ٹک ٹاک نے ‘نیئر بائی فیڈ’ فیچر برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرایا تاکہ صارفین مقامی مواد دیکھ سکیں۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے نیا فیچر ‘نیئر بائی فیڈ’ متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے لوگ اپنے اردگرد موجود مقامات اور مقامی سرگرمیوں سے متعلق مواد دیکھ سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے علاقے میں نئی جگہیں دریافت کرنے اور مقامی مواد تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں لانچ کیا گیا ہے۔ اس کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں محدود پیمانے پر کی گئی تھی، تاہم اب اسے دوبارہ چند ممالک میں دستیاب کر دیا گیا ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق، نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور پوسٹ کے وقت کی بنیاد پر ویڈیوز دکھائی جائیں گی، جن میں سیاحت، ایونٹس اور کھانوں سے متعلق مقامی مواد شامل ہو سکتا ہے۔ یہ فیچر ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے شہر یا علاقے کے زیادہ صارفین تک پہنچ سکیں گے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ لوکیشن شیئر کرنا لازمی نہیں ہوگا اور یہ آپشن صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔ لوکیشن آن کرنے پر ٹک ٹاک جی پی ایس کے ذریعے لوکیشن پر مبنی مواد دکھائے گا۔ کم عمر صارفین یعنی 18 سال سے کم عمر اکاؤنٹس کے مواد کو نیئر بائی فیڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک اس فیچر کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے کب تک جاری کرے گا۔















