سندھ حکومت کے ایس 4 منصوبے کے جدید اے آئی کیمروں سے کراچی میں 150 چوری شدہ گاڑیاں بازیاب کی گئیں اور 200 ملزمان گرفتار ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ حکومت کے ایس 4 منصوبے کے تحت جدید اے آئی کیمروں کی مدد سے کراچی سے چوری یا چھینی گئی 150 سے زائد گاڑیاں بازیاب کر لی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کے الزامات میں ایک خاتون سمیت 200 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان اے آئی کیمروں میں چہرے اور نمبر پلیٹس کی شناخت کی صلاحیت ہے، جو مختلف شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر نصب کیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، چہرہ شناخت کیمروں کے ذریعے پولیس فرار، مطلوب اور مشتبہ ملزمان کی تلاش بھی کر سکتی ہے۔ کراچی سے چوری شدہ گاڑیوں اور ملزمان کا ڈیٹا بھی ایس 4 کیمروں کے ڈیٹا بینک میں شامل کیا گیا ہے۔
جیسے ہی چوری شدہ گاڑی یا ملزمان ان راستوں سے گزرتے ہیں، اے آئی کیمرے ان کی فوری نشاندہی کر دیتے ہیں۔ سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول کا عملہ ان گاڑیوں کو روک کر ملزمان کو گرفتار کرتا ہے، یوں چوری شدہ گاڑیاں برآمد کی جاتی ہیں۔















