کھجوروں کے استعمال سے صحت کو ملنے والے فوائد

کھجوریں سال بھر دستیاب پھل ہیں جو جسم کو اہم غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں اور صحت کے لیے مفید ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کھجوریں سال بھر دستیاب رہنے والا پھل ہیں، جو تازہ اور خشک شکلوں میں ملتا ہے۔ کھجوروں میں قدرتی شکر کی موجودگی کے باعث خشک ہونے پر یہ زیادہ میٹھی ہو جاتی ہیں، مگر ان کے میٹھے ہونے کا مطلب نقصان دہ ہونا نہیں۔ درحقیقت، کھجوریں جسم کو کئی اہم غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں۔

امریکا کے کلیولینڈ کلینک کے مطابق، 100 گرام کھجوریں کاپر، میگنیشم، مینگنیز، پوٹاشیم، وٹامن بی 6، فائبر اور آئرن جیسے اجزا کا بہترین ذریعہ ہیں، جو صحت کے لیے مفید ہیں۔

یہ پھل ہاضمہ بہتر بناتا ہے، قبض سے بچاتا ہے اور آنتوں کے افعال کو بہتر کرتا ہے، جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ کھجوروں میں موجود نباتاتی مرکبات اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں، جو جسم کے خلیات کو مضر مواد سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اینٹی آکسائیڈنٹس کی موجودگی سے آٹو امیون امراض، کینسر اور امراض قلب کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔ ان مرکبات سے دماغی افعال میں بہتری آتی ہے، انزائٹی کم ہوتی ہے اور یادداشت بہتر ہوتی ہے۔

کھجوریں چینی کے متبادل کے طور پر بھی مفید ہیں، کم چینی کا استعمال ہائی بلڈ شوگر اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ البتہ، زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ان میں کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں