ایک شخص کے پھیلائے گئے پراپیگنڈہ نے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پراپیگنڈے سے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو فائدہ پہنچانے کی نشاندہی کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک شخص مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانیہ بنا رہا ہے، جس نے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کی گفتگو میں فرسٹریشن، اشتعال اور ذاتی نفرت واضح ہے، جو اس کے ذہنی رویئے اور غیر ذمہ دارانہ سیاست کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بار بار مجیب الرحمان کو مثال بنا کر اس کے افکار کو فروغ دیتا رہا، اور اس کے بیانیے کا مرکز و محور صرف فوج کو نشانہ بنانا ہے۔ یہ بیانیہ ریاستی ڈھانچے میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ اس شخص نے اپنی سیاسی حکمت عملی میں فوج پر حملے کرنے کو ترجیح دی، ترسیلات روکنے اور آئی ایم ایف کو پاکستان سے معاہدہ نہ کرنے کے خطوط لکھے، جو ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنے کی کوشش تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سول نافرمانی پر اُکسایا گیا اور بجلی کے بل نہ دینے کا کہا گیا، جو قومی سلامتی کے خلاف سنگین اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تاکہ اپنی سیاست کو مضبوط کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جب ہندوستان نے مساجد پر حملے کیے تو فوج نے ڈٹ کر جواب دیا، جو اس شخص کے جھوٹے بیانیے کو جھٹلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے کبھی کسی سیاسی شخص یا جماعت کو نشانہ نہیں بنایا، اور یہ وضاحت اس لیے ضروری تھی کیونکہ معاملہ قومی سلامتی کا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں