آئی بی اے کراچی میں 1046 طلبہ نے ڈگریاں حاصل کیں، تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے کانووکیشن میں 1046 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ کلاس آف 2025 کے کانووکیشن کی تقریب مین کیمپس میں منعقد ہوئی جہاں 780 انڈرگریجویٹ، 259 پوسٹ گریجویٹ اور 7 پی ایچ ڈی طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
ایم ایس ڈیٹا سائنس اور ایم ایس مارکیٹنگ پروگرامز کے پہلے بیچ کی گریجویشن کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ اسماعیل راہو اور بانی اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے شرکت کی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر اکبر زیدی نے طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئی بی اے کا مقصد بہترین طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ملک کے بہترین ذہنوں کو تعلیم فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس دن کو نوجوان گریجویٹس کے لیے خوشی کا دن قرار دیا، جبکہ اسماعیل راہو نے تقریب کو اعلیٰ تعلیم کی ترویج کا اعزاز کہا۔















