بھارتی نوجوان کا کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر فوڈ ڈیلیوری کا انوکھا فیصلہ وائرل

بنگلورو کے نوجوان نے کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر فوڈ ڈیلیوری کا انتخاب کیا، جس پر سوشل میڈیا پر حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

بنگلورو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی شہر بنگلورو کے ایک نوجوان نے سالانہ 25 لاکھ روپے کی کارپوریٹ نوکری چھوڑ کر فوڈ ڈیلیوری کا کام شروع کر دیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی ہے۔

ایکس پلیٹ فارم پر اینجی وی نامی صارف نے بتایا کہ اس کے دوست نے شادی کی تیاری، نئی گاڑی اور گھریلو دباؤ کے باوجود فوڈ ڈیلیوری کا کام اس لیے شروع کیا تاکہ وہ اپنے علاقے میں لوگوں کی کھانے کی پسند ناپسند کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔

نوجوان مستقبل میں کلاؤڈ کچن کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے اس نے عملی تحقیق کا یہ طریقہ اختیار کیا۔ ڈیلیوری کے تجربے کی بنیاد پر اس نے 12 ایسے کھانوں کی نشاندہی کی ہے جو کم لاگت اور زیادہ فروخت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس فیصلے پر نوجوان کو شدید سماجی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خاندان اس کے فیصلے کے خلاف ہے جبکہ دوست احباب کی جانب سے مذاق بنایا جا رہا ہے۔ ایک موقع پر سوسائٹی کے عملے نے انہیں ڈیلیوری یونیفارم میں لفٹ استعمال کرنے پر ڈانٹ بھی دیا۔

اس کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے نوجوان کے حوصلے اور جرات کو سراہا ہے، اور کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی کاروباری سوچ اور عملی مارکیٹ ریسرچ کی بہترین مثال ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں