پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیان کو شدید الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بیان غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور تمام ادارے قومی سلامتی کے ضامن ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مئی 2025 کے تنازع میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوئی پروپیگنڈا پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی قیادت پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہی ہے اور خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ریاستی سرپرستی والے دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کا اشتعال انگیز رویہ امن و استحکام سے دوری ظاہر کرتا ہے اور بھارت کو پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے ہندوتوا انتہاپسندی کی تحقیقات کرنی چاہیے۔ انہوں نے بھارت میں ہندوتوا نظریے کی وجہ سے ماورائے عدالت قتل، جبر اور مذہبی امتیاز کے فروغ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان ہمسائیوں سے امن، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور اپنی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور پُرعزم ہے۔













